لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا ہے کہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 308 چھاپے مارے، مکروہ دھندے میں ملوث 153 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 150 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 110 کلو گرام چرس، 03 کلو ہیروئن اور 1327 لٹرز شراب بھی برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔ ہاٹ سپاٹ ایریاز میں باقاعدگی سے سرچ و کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے، تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث ملزمان کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے۔ بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
24گھنٹے میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 308 چھاپے‘ 153 ملزم گرفتار
Jul 25, 2024