انکم ٹیکس میں ظالمانہ اضافہ ، پینشن اصلاحات سے ملازمین جینا مشکل :رخسانہ انور ، راجہ طاہر 

Jul 25, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر)آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے رہنماؤں رخسانہ انور ، راجہ طاہر ، رانا انوار الحق ، بشیر وڑائچ ، رانا لیاقت ، کاشف شہزاد ، فائزہ رعنا ، ندیم اشرفی ، ڈاکٹر طارق کلیم ، مختار گجر ودیگر نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت نے بجٹ 2024-25 میں ظالمانہ اور ملازمین کش اقدامات اٹھا کر ملازمین کی زندگیاں دوران سروس اور بعد از ریٹائرمنٹ اجیرن کردیں ہیں۔ پچھلے سال لیوانکیشمنٹ پر شب خون مارا گیا۔رواں بجٹ میں انکم ٹیکس میں ظالمانہ اضافہ اور پینشن اصلاحات نے ملازمین کیلئے جینا مشکل کردیا ہے۔ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز بے لگام اضافے نے مہنگائی کے جن کو بے قابو کر دیا ہے۔ ملازمین کیلئے گھر کا چولہا جلانا مشکل کردیا ہے۔ تنخواہوں میں 25 یا 20 فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ ثابت ہوا ہے۔ اساتذہ و ملازمین کی لاکھوں خالی آسامیوں پر بھرتی کی بجائے ری سٹریکچرنگ/ ری آرگنائزیشن کے نام پر ڈاؤن سائزنگ یا سکولوں کی پرائیویٹ مینجمنٹ کو حوالگی نے اساتذہ و ملازمین میں عدم تحفظ کی فضاء پیدا کر دی ہے۔

مزیدخبریں