ذیشان رفیق کی زیر صدارت ٹاسک فورس اجلاس، تحصیلوں کی حدبندی میں تبدیلی پر غور 

Jul 25, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی قائم کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس بورڈ آف ریونیو میں چیئرمین وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ہوا۔ ٹاسک فورس کے ارکان وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں تحصیلوں کی حدود اور حلقہ بندیوں کی پیچیدگی پر غور کیا گیا۔ٹاسک فورس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آبادی میں اضافے کے لحاظ سے انتظامی حدود میں ردوبدل ضروری ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی تشکیل کے وقت تحصیلوں کی حدبندی پر بھی نظرثانی کرنا پڑے گی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر عوام کوزیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نئے نظام کے تحت دیہات اور شہروں میں ویسٹ کولیکشن، صفائی اور سیوریج کی ڈی سلٹنگ کا کام کیا جائے گا۔

مزیدخبریں