لاہور (خصوصی نامہ نگار) رکن پنجاب اسمبلی و سینئر رہنما تحریک انصاف باسمہ چودھری سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔ قونصلر ڈاکٹر سباسٹین پاسٹ اور فرسٹ سیکرٹری جنین روئر بھی جرمن سفیر کے ہمراہ تھے۔ باسمہ چودھری نے کہا جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے پر شرپسندوں کا حملہ قابل افسوس ہے خوشی ہے کہ جرمن حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کیخلاف فوری ایکشن لیا۔ شرپسندوں نے پاکستانی پرچم کی جو بے حرمتی کی ہے وہ کسی صورت قابل قبول نہیں لہٰذا شرپسندوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو موجودہ حکمرانوں نے چرایا ہے، فارم 47 کی حکومت عوامی حمایت سے محروم ہے۔دریں اثناء جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دوطرفہ تجارت میں توسیع، ٹیکسٹائل کے شعبوں میں باہمی استعداد کار بڑھانے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے آپشنز کی نشاندہی کیلئے کاروباری وفود کے دوطرفہ تبادلے پر زور دیا ہے۔
باسمہ چودھری سے جرمنی کے سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
Jul 25, 2024