اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کام کو سپورٹ کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے سیمینار سے خطاب میں امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، امریکا سمجھتا ہے کہ پاکستان میں بہت استعداد کار موجود ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ کام کو سپورٹ کرتے ہیں، ہم منگلا ڈیم کو نئے ٹربائنز کے ساتھ اپ گریڈ کر رہے ہیں، ہم 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری صاف پانی کی فراہمی میں کر رہے ہیں جبکہ 85 ملین ڈالر میل نیوٹریشن کے خاتمے پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ امریکہ ایک بلین ڈالر صوبوں کو جسٹس اینڈ سکیورٹی پروگرام میں فراہم کررہا ہے، ہم پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم میں سرمایہ کاری کر رہے اور مستقبل میں بھی کریں گے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا مشترکہ طور پر افغان مہاجرین اور پناہ کی تلاش میں لوگوں کو سپورٹ کررہے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں میں امریکا نے پاکستان کو قدرتی آفات اور معاشی طورپر سپورٹ کیا ہے۔