چینی سفیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرا دی

Jul 25, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) چین کے سفیر زیانگ زیڈونگ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں اعلیٰ سطح بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت جام کمال خان و طارق فاطمی نے چینی سفیر کو بریفنگ دی۔ چین سے پاکستان میں ''میچ میکنگ انڈسٹری'' کے تحت صنعتوں کے قیام کا جائزہ، 7 بڑے شعبے طبی آلات، پلاسٹک، ٹیکسٹائل، لیدر، خوردنی گوشت، فروٹ و سبزیاں اور ویسٹ شامل ہیں۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے مزید چینی کمپنیوں کو پاکستان آنے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے چینی سفیر کو بریفنگ میں کہا کہ انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں‘ پاکستان چین سمیت 124ملکوں کے سرمایہ کاروں کے لئے فوری بزنس ویزا کی سہولت دے رہا ہے۔ کاروباری تعلقات میں اضافہ ترقی کا باعث بنے گا۔ چینی بھائی ہمارے مہمان ہوں گے، ان کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔ ایسے عناصر جو پاک چین تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں وہی امن و امان کا مسئلہ پیدا کرتے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ چین سے تجارت کا فروغ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور وزارت تجارت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ زیانگ زیڈونگ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ طارق فاطمی نے کہا کہ چین دوستی، برادرانہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔عبدالعلیم خان سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی جس میں  باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور ملکی معاشی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے نیشنل ڈے کے استقبالیے میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں۔ فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ عبدالعلیم خان کو فرانس کے دورے اور بزنس ایسوسی ایشن سے ملاقات کی دعوت دی۔

مزیدخبریں