لاہور ( نوائے وقت پورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی خدمت کی تاریخ رقم کر دی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ادویات کی فراہمی کا سب سے بڑا میڈیسن وئیر ہاؤس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مراکہ میں محکمہ صحت کے سینٹرل وئیر ہاؤس کا دورہ کیا اور اضلاع کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے راولپنڈی،فیصل آباد اور ملتان میں میڈیسن ویئر ہاؤس جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبے بھر میں ادویات کی فراہمی کے لئے9 میڈیسن وئیر ہاؤس باقاعدہ فنکشنل ہوگئے۔ جہاں 17 ارب سے زائد کی میڈیسن اور ایکیوپمنٹ سٹور کرنے کی گنجائش ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خود فورک لفٹر چلا کر ادویات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی نگرانی میں اضلاع کے لئے میڈیسن کے خصوصی ٹرک روانہ کیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں کو فراہم کیے جانے والے فرنیچر، طبی آلات اور دیگر سامان کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وئیر ہاؤس میں سٹور کردہ ادویات کی مدت معیاد اور سٹینڈرڈ ٹمپریچر سسٹم چیک کیا۔ علاوہ ازیں - وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فیڈرل ری پبلک جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے پر شر پسندوں کے حملے پرجرمن حکام کے فوری ایکشن کو سراہا- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ امید ہے جرمنی واقعہ میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا اورمستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہونگے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اوراقتصادی تعاون، ٹیکنیکل ایجوکیشن میں تعاون پر گفتگو ہوئی- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جرمنی کی جانب سے پنجاب کے ترقیاتی شعبوں میں جاری تعاون اور سرمایہ کاری کو سراہا - قابل تجدید توانائی، پیشہ ورانہ تربیت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا- الفریڈ گراناس نے پنجاب کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا -الفریڈ گراناس نے پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہا-ملاقات میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، جدت اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا اور صحت،تعلیم اور دیگر شعبوں میں ممکنہ شراکت داری کے امکانات کاجائزہ لیاگیا- وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جرمن سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی میں بھرپور معاونت کا یقین دلایا-پنجاب میں فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا-انہو ں نے کہاکہ نوجوانوں کو ایسی سکلز سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں جو جاب مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرتی ہیں۔ جرمنی قابل تجدید توانائی کے امور میں گلوبل لیڈر ہے۔ جرمنی نے ماحول دوست اقدامات کر کے انسانیت کی خدمت کی ہے۔ پنجاب کے شہریوں کو کلین اینڈ گرین انرجی فراہم کرنے کے لئے سولرائزیشن منصوبہ شروع کیا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جے سیون (J7) گروپ کے چیئرمین مقبول حسین اعوان نے ملاقات کی- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیا-صوبے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتر ی کے لئے مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیاگیا-اربن ڈویلپمنٹ، سستی رہائشوں کے پراجیکٹ سمیت کئی اہم شعبوں پر گفت وشنید ہوئی-چیئرمین مقبول حسین اعوان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے عوامی خدمت کے وڑن کو سراہا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ چیئرمین مقبول حسین اعوان نے کہاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے حکومت سے ساتھ شراکت داری کے خواہاں ہیں۔