بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے احمد خان بھچر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس لیول کا ذہنی مریض آپ کا لیڈر ہے اس سے دو ہاتھ آگے آپ ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار اڈیالہ جیل میں بیٹھا قیدی ہے۔ اڈیالہ جیل کے قیدی نے آئی ایم ایف کے ساتھ عوام دشمن معاہدہ کیا اور پھر اس کو توڑا بھی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پر سب سے پہلے انٹرنیشنل فراڈیہ اور بہروپیا ہی آیا تھا۔ جن کے لیڈر نے ٹک ٹاک پر مقابلے جنت مرزا سے کیے وہ مریم نواز کو طعنے دے رہے۔ اْنکا کہنا تھا کہ مریم نواز نے تین ماہ میں تعلیم، صحت، انفرا سٹرکچر سمیت تمام شعبوں میں انقلابی پروجیکٹس متعارف کروائے ہیں۔ آج صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کی ترقی انتشاری ٹولے کو ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غنڈوں نے  پھر طاہر انجم پر حملہ کیا ہے۔ ان کے خلاف اگر کارروائی ہوئی تو انہوں نے مگر مچھ کے آنسو بہانے ہیں۔ 45 ماہ جو ہٹلر پارٹ ٹو بنا رہا اس کے چیلے آج مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں۔ تانگہ پارٹی کو اپنے کئے کا حساب دینا ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن