جھنگ(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ اینٹی کرپشن فیصل آباد میں ایم این اے،ان کے بھائی اور والدہ سمیت محکمہ مال کے آٹھ افراد کے خلاف امانت میں خیانت اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔جھنگ کے حلقہ این اے 109 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ممبر قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم ان کے بھائی سابق چیئرمین بلدیہ شیخ نواز اکرم،ان کی والدہ سمیت محکمہ مال کے آٹھ افراد کے خلاف 420 اور 409 کی دفعات کے تحت تھانہ اینٹی کرپشن فیصل آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے محکمہ مال کے افسران کی ملی بھگت سے فراڈ کرتے ہوئے جھنگ کے علاقے چک نور شاہ میں سرکاری رقبہ اپنے نام کروا لیا جس پر تھانہ اینٹی کرپشن میں ایم این اے ان کے بھائی، والدہ اور محکمہ مال کے افسران سمیت آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔