اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نئے ڈائریکٹر تعینات کر دیئے۔ پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئیسکو، فیسکو، لیسکو، میپکو، پیسکو اور حیسکو کے لیے خودمختار ڈائریکٹر مقرر کر دیے گئے ہیں۔ جاری اعلامیے کے مطابق 11 میں سے 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دیے گئے ہیں، نئے ڈسکوز بورڈز کی تشکیل 3 سال کے لیے ہو گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے پر نئے بورڈز تشکیل دیے گئے، وزیر برائے پاور کی سربراہی میں بورڈ نامزدگی کمیٹی نے بورڈز تحلیل کرنے کی سفارش کی تھی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 24 جون کو 9 ڈسکوز کے نئے بورڈز تشکیل دینے کی منظوری دی تھی۔ تاہم حکم امتناع کی وجہ سے فی الحال گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی گیپکو، ٹرائبل ایریاز ایلکٹریسٹی سپلائی کمپنی ٹیسکو اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو بورڈز کی تحلیل روک دی گئی ہے۔
بجلی کی 6 سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل، خودمختار ڈائریکٹرز تعینات
Jul 25, 2024