اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے واٹس ایپ کے متبادل بیپ ایپ لانچ کرنے کی تیاری شروع کردی۔ رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں ’’بیپ ایپ‘‘ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کے چیئرمین سید امین الحق نے کہا کہ ’’بیپ ایپ‘‘ 2 سال پہلے تیار کی گئی تھی جسے واٹس ایپ کے متبادل کے طور پر بنایا گیا ہے، پہلے مرحلے میں سرکاری ملازمین نے بیپ ایپلیکشن استعمال کرنا تھی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وزارت آئی ٹی اور این آئی ٹی بی 3 ماہ میں بیپ ایپ لانچ کریں۔ سی ای او نیشنل آئی ٹی بورڈ کا کہنا تھا کہ سرکاری کمیونیکیشن واٹس ایپ پر ہونا خطرناک ہے، بیپ ایپ کے ذریعے آفشل کمیونیکیشن ہوسکے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی نے کہا کہ سرکاری افسران حکومت کی مختص کردہ ای میل استعمال نہیں کرتے۔ رکن کمیٹی احمد عتیق نے کہا کہ سرکاری افسران کو پابند کیا جائے کہ سرکاری چینل کے ذریعے ہی کمیونیکیشن کریں۔