گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)دینی مدارس میں تکنیکی تعلیم کے اجراء کے لئے دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ ماڈل ٹائون میں سیمینار کا انعقاد ہوا، تقریب میں ڈپٹی کمشنر طارق محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی ، ڈپٹی کمشنر نے دینی مدارس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم نقشبندیہ امینیہ میں تمام مسالک کے طلبا اور جید علما کا اکٹھا ہونا بین المسالک ہم آہنگی کا بین ثبوت ہے جوکہ ہمارا مشن ہے جس پر میں تمام علما بالخصوص حضرت صاحبزادہ رفیق احمد مجددی، مولانا جواد محمود قاسمی، مولانا عمران عریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مشن ہے کہ مدارس کے طلبا کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ کسی ایک ہنر کی بھی تعلیم دی جائے تاکہ جب طلبا دینی تعلیم مکمل کریں تو ان کے پاس ایک ہنر بھی ہو۔ طلبا حصول تعلیم کے ساتھ جب ہنر مند ہوں گے تو اپنے گھرانے کی بہتر کفالت کرسکیں گے۔ہنر مند افرادی قوت کا کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں بنیادی کردار ہے تمام طلبہ دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم بھی ضرور حاصل کریں۔ ہنر مند شہری اندرون اور بیرون ملک بہتر ذریعہ معاش حاصل کرسکتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ گوجرانوالہ میں کوئی دینی تعلیمی ادارہ ایسا نہ رہے جہاں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تکنیکی تعلیم نہ دی جارہی ہو۔
گوجرانوالہ:دینی مدارس میں تکنیکی تعلیم کے اجراء کیلئے سیمینار
Jul 25, 2024