پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس150 کی کمان 13ویں مرتبہ سنبھال لی ،تبدیلی کمان کی تقریب بحرین میں واقع کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک کمبائنڈ ٹاسک فورس150 کے نئے کمانڈر تعینات ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس سے پہلے یہ کمان کینیڈین نیوی کے پاس تھی۔
اس فورس کی 13 ویں مرتبہ سربراہی پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز اور اس فورس میں شامل ممالک کی طرف سے پاک فوج کی کمانڈر شپ پر اعتماد کا بھی اظہار ہے۔کمبائنڈ ٹاسک فورس150 کا مشن سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے میری ٹائم سیکورٹی کو فروغ دینا ہے۔ CTF150 کے زیر نگرانی علاقہ دنیا کے چند پیچیدہ اور اہم بین الاقوامی پانیوں پر مشتمل ہے۔جب پاک بحریہ کہ اہلکار اس فورس کے ساتھ مل کر عالمی سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیں تو اس سے ان کی اعلیٰ دفاعی مہارت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔پاکستان کو جس دشمن کا سامنا ہے اس کی مکاری اور عیاری کو دیکھتے ہوئے ہمیں ہمہ وقت اپنے گھوڑے تیار رکھنا پڑتے ہیں۔ کل ہی بھارت کا قومی بجٹ پیش کیا گیا ہے۔اس بجٹ سے بھی بھارت کا جنگی جنون جھلکتا ہوا نظر آتا ہے۔ بجٹ کا 12.9 فیصد فوجی ساز و سامان کی خرید کے لیے مختص کیا گیا ہے .دفاعی بجٹ کے لیے 6 اعشاریہ 21 لاکھ کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ یہ رقم کم و بیش پاکستان کے مجموعی قومی بجٹ کے برابر ہے۔بھارت کی یہ جنگی تیاریاں پاکستان کے سوا کسی اور کے خلاف نہیں ہیں۔ دشمن کی افواج کی تعداد اور اسلحہ کی مقدار پاکستان کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے. ایسے دشمن کا مقابلہ پاکستان معیاری اسلحہ اور افواج کی اعلی ترین مہارت کے ساتھ ہی کر سکتا ہے جس پر کبھی پاکستان نے کمپرومائز نہیں کیا۔پاکستان کے دفاع میں پاک بحریہ کی طرف سے ہمیشہ اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا۔خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کمبائنڈ ٹاسک فورس کی سربراہی اور دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر بہترین کردار ادا کرے گی۔