تہذیبی قوتوں کی فتح کیلئے امریکا اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑے ہونا چاہیے،نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران امریکی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہذیبی قوتوں کی فتح کے لیے امریکا اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کے دوران کانگریس کی گیلری سے 3 مظاہرین کو بھی گرفتار کیا گیا۔نیتن یاہو ایوان میں داخل ہوئے تو کئی کانگریسی اراکین نے نہ تو ان سے ہاتھ ملایا، نہ تالیاں بجائیں اور نہ ہی اپنی نشستوں سے ان کے استقبال کیلئے کھڑے ہوئے۔اسرائیل کے وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پر کھڑے ہیں جب کہ دنیا ہلچل کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں ایرانی ’دہشت گردی کا گٹھ جوڑ‘ امریکا، اسرائیل اور اس کے عرب دوستوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تہذیبوں کا تصادم نہیں ہے، یہ موت کی تسبیح کرنے والوں اور زندگی کی تقدیس کرنے والوں کے درمیان تصادم ہے۔ تہذیبی قوتوں کی فتح کے لیے امریکا اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کا 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد اسرائیل کے لیے ”دلی“ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔نیتن یاہو نے کہا کہ بائیڈن ’ہمارے تاریک ترین وقت میں‘ اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہے، اس دورے کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور بائیڈن ایک دوسرے کو 40 سال سے زیادہ عرصے سے جانتے ہیں، اور وہ اسرائیل کے ساتھ نصف صدی پر مشتمل دوستی کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔نیتن یاہو نے کہا کہ بائیڈن نے خود کو ”فخریہ آئرش امریکن صیہونی“ کہا ہے۔بینجمن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ آج کانگریس کے سامنے انہیں یقین دلانے آئے ہیں کہ ’ہم جیتیں گے‘۔نیتن یاہو نے امریکی کانگریس میں جھوٹ پر جھوٹ گڑھتے ہوئے اپنی دہشتگردی کو چھپانے کیلئے حماس کے ناکردہ مظالم کا ذکر کیا اور کہا کہ بچوں کو قتل کیا گیا، خواتین کے گلے کاٹے گئے۔نیتن یاہو نے کہا، ’انہوں ( حماس) نے مردوں کا سر قلم کیا۔ انہوں نے بچوں کو زندہ جلا دیا۔ انہوں نے والدین کو اپنے بچوں کے سامنے اور بچوں کو ان کے والدین کے سامنے قتل کیا۔ وہ 251 لوگوں کو غزہ کی تاریک کوٹھڑیوں میں گھسیٹ کر لے گئے‘۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل مخالف مظاہرین نے ’برائی کے ساتھ کھڑے ہونے‘ اور حماس کے ساتھ کھڑے ہونے کا انتخاب کیا ہے۔ ’انہیں اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے‘۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں ایران اس عمارت کے باہر اسرائیل مخالف مظاہروں کی مالی امداد کر رہا ہے۔ کچھ مظاہرین نے ایسے سائن اٹھا رکھے ہیں جن پر لکھا ہے ’غزہ کے لیے ہم جنس پرست‘۔ وہ ’کے ایف سی کے لیے مرغیوں‘ کے سائن بھی پکڑ سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن