وفاقی حکومت کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو پبلک فیسیلیٹیشن یونٹ پنجاب کا سربراہ بنانے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ پبلک فیسیلیٹیشن یونٹ کے دو دفاتر ہوں گے۔ ایک وزیراعظم ہاؤس اور دوسرا لاہور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوگا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق اس پبلک فیسیلیٹیشن یونٹ کے پانچ ارکان ہوں گے جبکہ اس کے سربراہ کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔اس حوالے سے ترجمان حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کوئی پہلی بار نہیں کہ حمزہ شہباز کو پبلک فیسلیٹیشن یونٹ کا سربراہ بنایا گیا۔ وہ اس سے پہلے بھی یہ کام کر چکے ہیں، پہلی بار انہیں نواز شریف نے اس عہدے پر لگایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ عہدہ بنیادی طور عوام اور وزیراعظم کے دفتر کے درمیان فاصلہ کم کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ خاص طور پر ایم این ایز اور ایم پی ایز کو درپیش معاملات کے فوری حل کی ضرورت ہوتی ہے تو اس میں یہ عہدہ ایک پُل کا کام کرتا ہے۔