کراچی میں تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا، ٹینکر کے نیچے گاڑی دب گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک کا افسوسناک حادثہ کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار آئل ٹینکر بے قابو ہو کر الٹ گیا، قریب سے گزرنے والی ایک گاڑی ٹینکر کے نیچے دب گئی، حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لوگوں کی بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر جمع ہو گئی جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں قیوم آباد سے بلوچ کالونی آنے والے پل کو ٹریفک کیلئے بند کر کے ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا،منظور کالونی فائر سٹیشن کے فائر آفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ آئل ٹینکر میں مٹی کا تیل موجود ہے اور تیل کے رسا ئوکی وجہ سے آگ لگنے کا خطرہ تھاجس وجہ سے ٹریفک معطل کر دی گئی ۔دوسری جانب عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ٹینکر کے نیچے دبنے والی گاڑی میں فیملی سوار تھی، متوفی کی شناخت اسد کے نام سے ہوئی، ریسکیو ٹیم نے کافی دیر جدوجہد کے بعد گاڑی سے لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے حادثے کی تفتیش بھی شروع کر دی ۔
کراچی:تیزرفتار آئل ٹینکر کار پرالٹنے سے ایک شخص جاں بحق
Jul 25, 2024 | 16:02