پشاور : پشاور میں بنوں واقعے کے تناظرمیں خصوصی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا. جس میں واقعے سے متعلق کمیشن بنانے کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بنوں امن مارچ پر فائرنگ کے واقعے کے تناظر میں خصوصی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت ہوگا۔اجلاس میں اعلی عسکری قیادت سمیت چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی شرکت کریں گے۔اجلاس میں خصوصی شرکت کے لٸے سی ٹی ڈی ،سپیشل برانچ کے اعلی حکام اور کمشنر کوہاٹ اور بنوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔اجلاس میں بنوں واقعے سے متعلق کمیشن بنانے کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔رکن بنوں جرگہ اور صوبائی وزیر پختونیار خان نے بتایا کہ امید ہے اپیکس کمیٹی بنوں جرگہ کی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی۔پختونیار خان کا کہنا تھا کہ کل بروز جمعہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بنوں کا دورہ کریں گے اور ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے بنوں جرگہ کے عمائدین کو آگاہ کریں گے۔
خیال رہے ضلع میں بدامنی کے خلاف اقوام بنوں کا امن دھرنا جاری ہے، شرکا، اکابرین اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے سامنے سولہ نکات پر مشتمل مطالبات پیش کئے گئے تھے۔بنوں میں طالبان مراکز کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا.جس کے بعد مطالبے پر پولیس کو فوری کاروائی کے احکامات جاری کئے گئے پولیس نےسوکڑی مسلم آباد اور پرانا تبلیغی مرکز کے قریب مراکز پر آپریشن کیا۔گرفتار طالبان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، کارتوس، دستی بم اور دیگر چیزیں برآمد کی گئیں، اہل علاقہ نے کامیاب آپریشن پر پولیس کے حق میں نعرے لگائے۔