ایم کیوایم نے حکومت اور الیکشن کمیشن پردھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

Jun 25, 2011 | 11:30

سفیر یاؤ جنگ
کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارنے کہا کہ کراچی میں موجود کشمیریوں کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کی دعوے دار جماعت جمہوریت کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ اس وقت جمہوریت اورآمریت میں کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے پہلے رحمان ملک کے ذریعے ایم کیوایم پر دباؤ ڈالا کہ ہم ایک نشست سے دستبردارہوجائیں، ایسا نہ ہونے پرسکیورٹی خدشات کی جعلی رپورٹ بنائی گئی اوردو حلقوں میں جان بوجھ کرالیکشن ملتوی کردیئے گئے، ہم رضامند ہوں تو آج الیکشن ہوجائیں گے۔ ایم کیوایم کے رہنما نے کہا کہ حکومت کی جانبداری کھل کرسامنے آگئی ہے جس کی شکایت صدراوروزیراعظم سے بھی کی گئی لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جانبدارالیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے آزاد کشمیرمیں شفاف الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے اس لئے ایم کیوایم نے ان انتخابات سے دستبرادرہونے کا فیصلہ کیا، فاروق ستارکا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے حکومت کے ساتھ اتحاد برقراررکھنے کی پوری کوشش کی لیکن اس موقع پرحکومت نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا تو سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔
مزیدخبریں