کرم / خیبر ایجنسی (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) وسطی کرم ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 6شدت پسند جاں بحق، متعدد زخمی اور انکے 4ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ خیبر ایجنسی میں لشکر اسلام کے ساتھ لڑائی میں 5شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ کالعدم لشکر اسلام نے امن کمیٹی کے 2رضاکاروں کو ذبح کر دیا۔ اورکزئی ایجنسی سے 2غیرملکیوں کی نعشیں ملی ہیں جنہیں سر میں گولیاں مارکر قتل کیا گیا ہے۔ باجوڑ ایجنسی اور افغانستان کے صوبہ کنڑ کے سلارزئی قبائل کے عمائدین اور زعماءنے سرحدی علاقوں میں دراندازی اور دہشت گردی کے واقعات روکنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور عسکریت پسند کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف قبائلی روایات کے مطابق سخت ترین کارروائی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اہم جرگہ سرحدی علاقہ لیٹی سرلوئی گرام میں ہوا۔ جرگہ میں سلارزئی قبائل 32دیہات کے درجنوں عمائدین زعماءاور مشران نے شرکت کی۔ مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے 6مکان مسمار کر دئیے، 22مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن خیبر پی کے نے انتظامیہ کو 72گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز سے بھاری رشوت لینے پر پولیس اور پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ پشاور ائرپورٹ سمیت پورے صوبہ بھر کو تیل کی سپلائی بند کر دینگے۔
شدت پسند