کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تو مثبت ہوا لیکن مارکیٹ کی تیزی زیادہ دیر برقرارنہ رہ سکی، ٹریڈنگ کے آغازپرہی مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی جو کاروبارکے اختتام پر برقرار رہی۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس نواسی پوائنٹس کمی کے بعد تیرہ ہزار چھ سو بیالیس پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم پانچ کروڑ اڑسٹھ لاکھ شئیرز رہا حجم کے اعتبار سے کے ای ایس سی کمپنی کے شئیرز میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ کاروبار کے اختتام تک سیمنٹ ،فرٹیلائزر، اور ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کے شعبے مندی کی لپیٹ میں رہے، بروکرز کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے شئیرز کی فروخت کے سبب مارکیٹ آج مندی کی لپیٹ میں رہی ہے۔ دوسری جانب لاہورسٹاک مارکیٹ میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس چونتیس پوائنٹ کمی کے ساتھ تین ہزار چار سو پینتالیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اکیاسی کمپنیوں کے سات لاکھ انیس ہزار دو سو نو حصص کا کاروبار ہوا، آٹھ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ،تئیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ پچاس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔