مشرف کیخلاف کارروائی، وفاقی حکومت کی حمایت میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد لائینگے: رانا ثناء

Jun 25, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے آئین شکنی پر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی جمہوریت اور جمہوری قوتوں کی فتح ہے۔ پہلی بار جمہوریت پورے قد کے ساتھ کھڑی ہوکر بات کر رہی ہے، قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔پنجاب اسمبلی میں وفاقی حکومت کے اعلان کی حمایت پر قرارداد میں لائی جائیگی، مشرف جب لٹکے گا تو سب کیلئے مثال قائم بھی ہو جائیگی، مشرف کیخلاف کارروائی پوری قوم کا فیصلہ ہے کسی ادارے کو ناراض ہونے کی ضرورت نہیں،گلگت بلتستان دہشت گردی پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر مسلم لیگ (ن) کے موقف واضح ہے کہ اسے رہا کیا جائے کیونکہ انصاف کے تقاضوں کیخلاف سزا دی گئی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا پرویز مشرف نے آئین توڑنے اور معطل کرنے کا اقدام آرمی چیف کی حیثیت سے کیا ، کس کس نے ساتھ دیا اور کون آئین توڑنے میں ملوث نہیں تھا عدالتی عمل فیصلے سے سب کچھ واضح ہو جائیگا۔

مزیدخبریں