لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کو حل کرنے کے لئے پنجاب میں تمام آپشنز کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر تیز رفتاری سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پنجاب حکومت کوئلے سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گی، خصوصاً ایک ہزار میگاواٹ سے 2ہزار میگاواٹ تک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہرممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ بجلی بحران میں جلد سے جلد کمی لائی جا سکے اور عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔ وہ اسلام آباد میں انرجی بحران کے حل کے حوالے سے ریلوے، نیشنل لاجسٹک سیل، سرمایہ کاروں اور ماہرین کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جو تاریخی مینڈیٹ ملا ہے، اس میں سب سے اولین ترجیح بجلی کے بحران کو حل کرنا ہے ۔ نواز شریف کا بھی عزم ہے کہ سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیںاور قوم کو بجلی کے بحران سے نکالا جائے، بجلی کی بچت اور بجلی و گیس کی چوری روکنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس ضمن میں بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ریلوے حکام اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی، معروف صنعت کار و سرمایہ کار محمد منشاءنے بتایا کہ پاکستان میں سیمنٹ کے کارخانوں اور بعض دیگر صنعتوں میں فرنس آئل کی جگہ بجلی پیدا کرنے کے لئے کوئلے کے منصوبے لگائے گئے ہیں اور تھرمل کے مقابلے میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے سے اخراجات میں کمی اور سستی بجلی کی دستیابی ممکن ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے رومانیہ کے سفیر ایملین آئن نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش بجلی کا بحران جنگی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ توانائی کے منصوبے شروع کرنے کیلئے رومانیہ کا تعاون چاہتے ہیں۔ شہبازشریف نے بچوں کو خسرہ سے بچانے کیلئے ویکسینیشن کی مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بچہ ویکسی نیشن سے محروم نہ رہے، مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے جلال پور پیروالا میں شادی شدہ خاتون نسیم بی بی پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت‘ کوئلے سے پیداوار کی حوصلہ افزائی کریں گے : شہبازشریف
Jun 25, 2013