اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نظریہ پاکستان فورم اسلام آباد کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم خان نے کہا ہے پاکستان کو اسلامی، جمہوری، فلاحی مملکت بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے۔ ہماری شناخت پاکستان ہے، ہم نظریہ پاکستان جو اسلامی شناخت کا دوسرا نام ہے کا ہر صورت میں تحفظ کریں گے۔ انہوں نے یہ بات نظریہ پاکستان فورم اسلام آباد کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو انکی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر، فورم کے جنرل سیکرٹری ظفر بختاوری نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں جنرل نواز چودھری سابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس، جنرل محبوب ظفر سابق سروئیر جنرل آف پاکستان، طارق پیرزادہ سابق چیف کمشنر، محمد یٰسین سابق وزیر آزاد جموں کشمیر، ایاز وزیر سابق سفیر منصف منہاس سابق سینئر سیشن جج، راجہ شفیق سابق جج، بریگیڈئر امتیاز، بریگیڈئر حفیظ، سابق ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز مسز صباح اسلم، مس فوزیہ لون اور ناصر میر نے شرکت کی۔ جنرل عبدالقیوم خان نے نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنے میں ڈاکٹر مجید نظامی اور نوائے وقت گروپ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی نظریاتی اساس کا تحفظ اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست کیلئے ڈاکٹر مجید نظامی کی قیادت میں جدوجہد کرنا اوّلین مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر ہماری سیاسی و عسکری شہ رگ ہے اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔ اس وقت پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ میڈیا ہماری قوت کا سرچشمہ ہے لیکن کسی نوعیت کی بے راہ روی، فحاشی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا نظریہ پاکستان ٹرسٹ 35 شہروں میں کام کر رہی ہے۔ اسکے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی نظریہ پاکستان فورم قائم ہو چکی ہیں۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام لاہور میں کیا گیا ہے جس میں 6 سے 13 سال کے بچوں کو تحریک پاکستان سے آگاہ کیا جائیگا۔ محمد بن قاسم، طارق بن زیاد، ٹیپو سلطان، سرسید احمد خان، علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح اور فاطمہ جناح کے فلسفہ حیات اور انکے افکار کو پیش کیا جاتا ہے۔