مارشل لاء کو سپورٹ نہیں کرینگے، مڈٹرم الیکشن جمہوریت کا حصہ ہیں: شیخ رشید

Jun 25, 2014

لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کو سپورٹ نہیں کرینگے مگر مڈٹرم انتخابات جمہوریت کا حصہ ہیں۔ مسلم لیگ ن خود ہی حکومت کی جڑیں کاٹ رہی ہے، حکمرانوں کے دن گنے جاچکے، عمران خان اور طاہر القادری کو آخرکار ایک ہونا پڑے گا۔ آج طاہر القادری سے ملاقات میں دونوں جماعتوں کو قریب لانے کی کوشش کروں گا، ملک میں تبدیلی پارلیمنٹ سے نہیں سڑکوں پر آنے سے آئے گی۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ حکمران اپنے خود دشمن ہیں اور ان کی غلط پالیسیاں ہی ان کے اقتدار کو ختم کردیں گی۔ یہ سچ ہے کہ حکمران عمران خان اور طاہر القادری سے خوفزدہ ہیں ان کو راتوں کو نیند بھی نہیں آتی۔ ملک میں کرپٹ حکومت کے خاتمے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ پارلیمنٹ میں اکثریت کی بنیاد پر اپنی من مانی کرتی ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں تبدیلی سڑکوں پر آنے سے ہی آئے گی۔

مزیدخبریں