اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں نیب حکام کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ مبینہ طور پر ملزمان چاہے جو کوئی بھی ہوں ان کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ عدالت پیش کی جائے جبکہ سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کو بھی وکیل مقرر کرنے کیلئے وقت دے دیا گیا ۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی۔ اس دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب پیش ہوئے تو عدالت نے ان سے پوچھا کہ نیب نے ملزموں کیخلاف اب تک کیا کارروائی کی اور تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں جس پر انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں، 27 مئی 2014ء کو بھی ہم نے رپورٹ جمع کروائی تھی جس پر عدالت نے کہا کہ آپ مزید پیشرفت کی رپورٹ پیش کریں۔ بعدازاں عدالت نے نیب کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے 30 دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث تمام ملزموں کیخلاف کارروائی کریں چاہے جو کوئی بھی ہوں۔ دوران سماعت ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر گوندل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں وکیل مقرر کرنے کیلئے وقت دیا جائے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرلی۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔