اورنج لائن میٹروٹرین پر کام شروع، ٹیکنیکل سروے کا جائزہ لینے چینی وفد عید کے بعد آئیگا

لاہور (کامرس رپورٹر) چینی کمپنی (NORINCO) نے لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں ٹرین کے روٹ کا ٹیکنیکل سروے بھی شروع ہو گیا ہے جس کا جائزہ لینے کیلئے چائنہ ریلوے اور چائنہ نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن کا ایک وفد عیدالفطر کے بعد لاہور آئے گا۔ منصوبے پر 165ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کیلئے ایگزم بنک آف چائنہ پنجاب حکومت کو آسان شرائط پر قرضہ دے گا۔ ٹریک کی کل لمبائی 27.1کلو میٹر ہو گی۔ یہ ٹرین علی ٹائون رائے ونڈ سے شروع ہوگی جو ٹھوکر نیازبیگ، کینال ویو، ہنجروال، وحدت روڈ، اعوان ٹائون، شاہ نور، سبزہ زار، بندروڈ، سمن آباد، گلشن راوی، چوبرجی، لکشمی چوک، جی پی او، سلطان پورہ، ریلوے سٹیشن، گڑھی شاہو، باغبانپورہ، شالامارباغ، پاکستان منٹ، محمود بوٹی، سلامت پورہ، اسلام پارک کے راستے ہوتی ہوئی ڈیرہ گجراں قائداعظم انٹرچینج پر ختم ہو گی۔ ٹرین کے راستے میں 27سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے جبکہ 25سے زائد اوورہیڈ برج بھی بنائے جائیں گے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے 30ہزار مسافر فی گھنٹہ سفر کریں گے جبکہ مجموعی طور پر اڑھائی لاکھ مسافر اس ٹرین سے استفادہ کریں گے۔ یہ منصوبہ 27ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ یہ منصوبہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے ویژن کا نتیجہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن