اسلام آباد(سہیل عبدالناصر)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اگلے ماہ امریکہ کا سرکاری دورہ کر کے امریکی انتظامیہ، سیاست دانوں اور ذرائع ابلاغ کو جنوبی ایشیا کی کشیدہ صورتحال اور بھارت کے جارحانہ رویہ سے پیدا شدہ خطرات سے آگاہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ طویل دورہ میں طارق فاطمی امریکہ میں پالیسی سازوں کو جنوبی ایشیا میں استحکام کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ وہ پاکستان بھارت تعلقات کی نوعیت، پاکستان کی طرف سے بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں، پاکستان کے اندر دہشت گردی کرانے میں بھارتی کردار کی تفصیلات پر روشنی ڈالیں گے۔ اسی حوالہ سے بلوچستان کی صورتحال اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے افغان سرزمین کو استعمال کئے جانے کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ اس ذریعہ کے مطابق طارق فاطمی کے دورہ کا بنیادی مقصد خطہ کے حالات بگاڑنے میں بھارتی قیادت کے کردار کو امریکہ میں اجاگر کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے وہ تھنک ٹینکس کے دورے بھی کریں گے انتظامیہ کے ذمہ داروں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ تعاون کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔
طارق فاطمی