حکمرانوں نے کرپشن سے عشرت کدے بنائے، عوام کو 2 وقت روٹی میسر نہیں: سراج الحق

Jun 25, 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے خلاف کفر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملت اسلامیہ متحد ہو اور اپنے وسائل پر سے اسلام دشمن قوتوں کا قبضہ ختم کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرے، پاکستان میں کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ عید کے بعد کرپشن اور کرپٹ مافیا سے آخری معرکہ ہوگا جس کا آغاز راولپنڈی میں پیدل مارچ سے ہوگا۔ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عالم اسلام کو بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام اپنے دشمن کو پہچانے اور اپنے وسائل پر قابض عالمی استعمار کا قبضہ ختم کرنے کیلئے متحد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ خود غرض حکمرانوں نے کرپشن سے اپنے عشرت کدے تعمیر کئے مگر عوام کو دو وقت کا کھانا نصیب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کرپشن کے خلاف جاری عوامی مہم کو ناکام کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں لیکن اب ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد راولپنڈی میں کرپشن کے خلاف پیدل مارچ سے کرپشن فری پاکستان تحریک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔ عوام حکمرانوں کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے۔ ہم سب کا بلا امتیاز احتساب چاہتے ہیں اور ہماری جدوجہد کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک سے لوٹی گئی دولت کو سوئٹزر لینڈ برطانیہ، امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے بنکوں سے واپس لایا جائے۔

مزیدخبریں