اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس آف پاکستان نے آئی جی پنجاب کو ججز اور عدالتوں کی سکیورٹی سخت کرنے کا حکم جاری کر دیا، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ملک میں امن و امان کے دگر گوں حالات پر شدید تشویش کا اظہار کیا، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا اور چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید نے امن عامہ کے حوالے سے چیف جسٹس کو بریفنگ دی، چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام اور بالخصوص ججز کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں، چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ عدالتوں کو محفوظ بنایا جائے جبکہ موجودہ حالات کے پیش نظر اعلی عدلیہ کے جج صاحبان کی سکیورٹی معمول سے زیادہ کردی جائے۔ چیف جسٹس نے کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس علی شاہ کے اغواءپر شدید تشویس کا اظہار کیا اور ملک میں امن عامہ بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
سکیورٹی/ حکم