لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )کپتان ہیری کین کی ہیٹ ٹرک کی بدولت فٹ ورلڈ کپ کے گیارہویں روز انگلینڈ نے پاناما کے دفاع کو روندتے ہوئے ایک کے مقابلے میں چھ گول سے فتح حاصل کی۔نووگوروڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کا پلہ شروع سے ہی بھاری رہا جس نے حریف ٹیم کے گول پر مسلسل حملے کیے۔آٹھویں منٹ میں سٹونس نے سکورنگ کا آغاز کیا، پھر 22ویں منٹ میں کین، 36 ویں منٹ میں لنگ گارڈ، 40 ویں منٹ میں سٹونس اور ہاف کے آخری لمحات میں کین نے گول کرکے انگلینڈ کی برتری پانچ صفر کردی۔دوسرے ہاف میں پاناما کے دفاع نے بہتر کھیل پیش کیا جس میں انگلش ٹیم صرف ایک گول داغ سکی جو کین نے سکور کیا، یہ ا±ن کا ہیٹ ٹرک گول بھی تھا۔پاناما کی ٹیم نے کھیل ختم ہونے سے بارہ منٹ قبل گول کرکے خسارہ کم کیا، یوں میچ انگلینڈ کی چھ ایک کی جیت پر ختم ہو۔ پاناما کی طرف سے کیا گیا گول ان کی ٹیم کی طرف سے ورلڈ کپ میں پہلا گول تھا ۔ یہ فٹ بال ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی سب سے بڑے مارجن سے فتح بھی ہے‘ اس سے قبل انگلینڈ کا مارجن تین گول کا تھا ۔جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ شکست خوردہ پاناما کی ٹیم مسلسل دوسری شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے ۔ انگلینڈ پول کا آخری میچ 28جون کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاناما کی ٹیم آخری پول میچ 28جون کو ہی تیونس کے خلاف کھیلے گی۔ گروپ جی میں بیلجیئم کی ٹیم پہلے ہی کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے ۔جاپان اور سینیگال کے درمیان کھیلا گیا دوسرا میچ دو دو گول سے برابری پر ختم ہوا۔سینیگال کی طرف سے مینی نے کھیل کے گیارہویں اور واگو نے 71ویں منٹ میں گول کیا ۔جاپان کی طرف سے انوئی نے کھیل کے 34ویں جبکہ ہونڈا نے 78ویں منٹ میں گول کیا ۔ سینیگال پول کا آخری میچ 28جون کو کولمبیا اور جاپان کی ٹیم آخری پول میچ پولینڈ کیخلاف 28جون کو کھیلے گی ۔ گروپ ایچ میں جاپان اور سینیگا ل کے دو دو میچ کھیل کر چار چار پوائنٹس ہیں ۔تیسرے میچ میں کولمبیا نے پولینڈکو تین صفر سے شکست دیدی ۔ دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کولمبیاکی طرف سے مینا ‘فالکاﺅ اور جو کواڈ راڈو نے ایک ایک گول کیا ۔ فاتح ٹیم کے گروپ ایچ میں دو میچ کھیل کر تین پوائنٹس ہو گئے ہیں ۔ شکست کے ساتھ پولینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے ۔ کولمبیا کا میچ میں گیند پر 55فیصد جبکہ پولینڈ کا 45فیصد قبضہ رہا ۔
کین کی ہیٹ ٹرک ‘ انگلینڈ نے پانامہ کو 6-1 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا
Jun 25, 2018