شفاف انتخابات نہ ہوئے تو جمہوریت‘ ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا‘ وعدے پورے کرنے کیلئے جان لڑا دینگے : شہبازشریف

Jun 25, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے ہم اپنی الیکشن 2018ءکی انتخابی مہم کا آغاز آج شہر قائد سے کر رہے ہیں، اپنے ویڈیو پیغام میں شہباز شریف نے کہا اپنے دو روزہ دورہ کراچی کے دوران میں کاروباری حضرات سے، کراچی کے شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں سے ملاقاتیں کروں گا، ہم نے جو عوام سے وعدے کیے تھے وہ الحمد للہ پورے کیے ہیں اور آج بجلی کی لوڈ شیڈنگ تقریبا ختم ہو چکی ہے، شہر قائد کا امن واپس آ چکا ہے اور پاکستان رینجرز نے کراچی میں شبانہ روز محنت کی اور قربانیاں دیں اور کراچی امن کا گہوارہ بن چکا ہے،2018ءکے الیکشن میں عوام سے جو وعدے کریں گے اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جان لگا لڑا دینگے اور ملک کو اقبالؒ اور قائدؒ کا پاکستان بنائیں گے۔ اپنے حلقے این اے 249 اور لیاری کے علاوہ مفتاح اسماعیل کے حلقے این اے 244 کا بھی دورہ کریں گے اور کارکنان سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا عام انتخابات غیر جانبدارانہ اور شفاف نہ ہوئے تو جمہوریت اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ناگزیر ہیں۔ وفد کی قیادت لائرز فورم کے صدر نصیر بھٹہ نے کی جبکہ اس موقع پر سنٹرل میڈیا کمیٹی کے صدر سید مشاہد حسین بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا میاں نواز شریف انشاءاللہ جلد وطن واپس آ کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ الیکشن بروقت ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اس الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کس پارٹی نے خدمت کی اور کس نے ڈھونگ رچائے۔ 25جولائی کو ایک طرف ہماری کارکردگی ہوگی تو دوسری طرف کھوکھلے وعدے ہوں گے۔ عوام کارکردگی کے مقابلے میں کھوکھلے وعدوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیں گے اور خدمت کرنے والوں کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی دو بڑے مسائل تھے جو نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے حل کر دیئے ہیں۔ بجلی کے کئی نئے منصوبے لگ چکے ہیں جن سے ملک میں لوڈ شیڈنگ کا بحران ختم ہو چکا ہے۔ شدید ترین گرمی میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی اور آج نگران حکومت کے دور میں بھی لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں عوام، فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کو شکست دی۔ آج دہشت گردی کی کمر ٹوٹنے سے پورے ملک میں امن بھی قائم ہو چکا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ اللہ نے موقع دیا تو انشاء اللہ اگلے 5 برس میں پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔ ملک کے طول و عرض میں عوام کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کریں گے۔ اگلے پانچ برس میں ہماری پہلی ترجیح بھاشا ڈیم کی تعمیر ہو گی۔ نیازی نے کھوکھلے دعوے کئے جبکہ میں نے نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے چپے چپے پر عوام کی خدمت کی۔ لائرز فورم ہر پولنگ سٹیشن پر اپنے نمائندے مقرر کرے تاکہ دھاندلی کو روکا جاسکے۔ اس موقع پر میاں شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی، انہوں نے کہا اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کو جلد صحتیاب فرمائے اور میاں نوازشریف، بیگم کلثوم اور مریم نواز جلد وطن واپس آ کر عوام کی خدمت کر سکیں۔
شہبازشریف

مزیدخبریں