میانوالی+ اسلام آباد (نامہ نگار+ این این آئی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی سے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کردیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان خود دار اور اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا، ملک کو گھر کی طرح سمجھیں، ایف آئی اے کو مضبوط ادارہ بنائینگے، ن لیگ نے لوڈشیڈنگ ختم نہ کی، چالیس ارب اشتہاروں پر لگائے، کیا شہباز شریف بجلی بنا کر شاپنگ بیگ میں لے کر چلے گئے؟ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اللہ کا شکر ہے ظالموں اور چوروں سے ملک بچانے کا موقع دیا۔ احسن اقبال تمہارے پاس چوری، کرپشن، جھوٹ بولنے والی تجربہ کار ٹیم تھی، اللہ کبھی وہ لیڈر نہ دے جس کے پیسے باہر ہوں، الیکشن 2018ءکےلئے پوری کوشش کی کہ میرٹ پر ٹکٹ دئیے جائیں، جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے ان کے دکھ کا احساس ہے، معذرت چاہتا ہوں۔ میانوالی میں میرے سارے رشتہ دار ٹکٹ مانگ رہے تھے۔ زرداری، نوازشریف کی طرح اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹ نہیں دئیے۔ اتوار کو انتخابی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے، پولیس کو ٹھیک کریں گے، تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے پاکستانی ہر سال مجھے دیتے ہیں لیکن مشکل سے پاکستان میں 4 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے، میں پاکستان سے 8 ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرکے دکھاو¿ں گا، ہم سادگی اختیار کریں گے، گورنر ہاو¿س پبلک کیلئے رکھیں گے، کبھی بھیک نہیں مانگنا پڑے گی، قرض نہیں لینا پڑےگا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چار ہفتے رہ گئے ہیں، ملک کا مستقبل بدلنے لگا ہے، نوجوانوں اللہ نے ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اللہ شکر ہے تو نے ظالموں اور چوروں سے ملک بچانے کا موقع دیا۔ عمران خان نے کہا کہ دعا کریں، یا اللہ اس جماعت کو جتادے جو قوم کی قدر کرے، اللہ انہیں کامیابی دے جو ملک میں انصاف لائے، ظالموں کو جیل میں ڈالے، اللہ انہیں کامیابی دے جو ملک کو غربت سے نکالے‘۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ آرہا ہے، کسی نے بندوبست نہیں کیا، دعا کریں وہ جماعت آئے جو ملک کو پیروں پر کھڑا کرے، اللہ کبھی وہ لیڈر نہ دے جس کے پیسے باہر ہوں، اللہ وہ لیڈر دے جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہو، ایسا لیڈر ہو جو اپنا علاج بھی سرکاری ہسپتال میں کرائے۔ عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان میں سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف ہے، پاکستان کو ایسا بنائیں گے کہ باہر سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے، 2002 میں وعدہ کیا تھا کہ صرف میانوالی کو نہیں پورے ملک کو بدلیں گے۔ انسان ہوں غلطی ہو سکتی ہے، ساڑھے 4 ہزار لوگوں نے ٹکٹوں کیلئے درخواست کی تھی۔ عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اور رہنماو¿ں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا شہباز شریف بجلی بنا کر شاپنگ بیگ میں لے کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال بڑی معتبر باتیں کرتے تھے کہ ہم تجربہ کار ٹیم لائیں گے، ہم ملک کے مسئلے حل کریں گے، احسن اقبال تمہارے پاس چوری، کرپشن، جھوٹ بولنے والی تجربہ کار ٹیم تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا قرضہ قوم پرنہیں ہوا، جتنا یہ دونوں بھائی کرکے گئے ہیں، 5 سال میں پاکستان کا قرضہ 13 ہزار سے 27 ہزار ارب پہنچ گیا ہے، جون 2013ءمیں ڈالر 100 روپے کا تھا، جو اب 125 روپے کا ہوگیا ہے۔ قوم غریب اور حکمران امیر ہوگئے ہیں، ان کے باہر اثاثے، لندن میں فلیٹس ہیں۔ شریف برادران اور احسن اقبال ایک ادارہ بتائیں جو انہوں نے ٹھیک کیا ہو، سٹیل مل چل رہی تھی، انکے دور میں بند ہوئی،10 سال میں انہوں نے ملک کو کنگال کر دیا ہے۔ نواز شریف اور انکے بیٹوں نے 300 ارب ڈالر کا جواب دینا ہے۔ خواجہ سعد رفیق پر نیب میں اربوں روپے کرپشن کا کیس چل رہا ہے، خواجہ آصف کے پاس کیا ہنر تھا کہ ایک منٹ کا کام نہیں کرتے تھے اور دبئی کی کمپنی 16 لاکھ روپے مہینہ تنخواہ دے رہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ نئے پاکستان میں انتظامیہ عوام کی خدمت کرے گی، ایک ڈیڑھ ہفتے میں ہمارا منشور آجائےگا، ہم سب سے پہلے اداروں کو مضبوط کریں گے، ہم نیب، ایف آئی اے کو مضبوط کریں گے، پولیس کو ٹھیک کریں گے۔ شریفوں نے پنجاب کی پولیس کو تباہ کیا، (ن) لیگ کی حکومت کے دوران مجھ پر 32 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، میاں صاحب کو دو سوالوں کا جواب دینا تھا لیکن انہوں نے کیوں نکالا کہہ دیا۔ دریں اثنا تحریک انصاف نے ملک بھر میں جلسوں کا اعلان کر دیا، عمران خان روزانہ 4 جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پی ٹی آئی ایک ماہ میں 120جلسوں کا انعقاد کریگی، جلسوں کا انعقاد میانوالی اور اختتام اسلام آباد میں ڈی چوک کے جلسے سے کیا جائیگا۔ ملک بھر میں جلسوں کی تیاریوں کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئی اور رہنما¶ں کو بھی ٹاسک سونپ دیدیا گےا، جلسوں کےلئے 2 ہیلی کاپٹر بھی حاصل کرلئے گئے ہیں۔ مزید برآں عمران خان نے برطانوی میڈیا کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران طبقے نے قوم کی دولت پر کیسے ڈاکہ ڈالا اس حوالے سے مزید پڑھئے۔ عمران خان نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک خبر کو سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر شیئر کیا اور اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مزید پڑھئے کیسے کرپٹ حکمرانوں اور ان کے خاندانوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پاکستانی قوم کی دولت پر ڈاکہ ڈالا۔ علاوہ ازیں جلسے کے بعد ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ آج میں نے اپنے آبائی قصبے میانوالی سے 2018ءکی انتخابی مہم کا آغاز کیا جسے عوام میں زبردست پذیرائی ملی۔ لوگ نئے پاکستان کیلئے نہایت پرجوش ہیں کہ کرپشن اور ناانصافی سے چھٹکارا پاسکیں۔
عمران
نیا پاکستان خوددار‘ اپنے پیروں پر کھڑا ہو گا‘ ادارے ٹھیک کرینگے : عمران : میانوالی سے انتخابی مہم کا آغاز
Jun 25, 2018