لندن (این این آئی+نیٹ نیوز) برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے نواز شریف اور انکے بچے برطانیہ میں 3 کروڑ 20 لاکھ پاو¿نڈ کی جائیدادوں کے مالک ہےں اور لندن فلیٹس تو ان کی وسیع و عریض جائیداد سلطنت کا محض ایک حصہ ہیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کی لندن میں جائیدادوں سے متعلق رپورٹ شائع کی ۔ رپورٹ کے مطابق لندن میں ایون فیلڈ کے علاقے میں پاکستان کے امیر ترین سابق وزیراعظم نوازشریف نے چار لگژری فلیٹس کو ملا کر ایک وسیع و عریض عمارت میں تبدیل کرلیا ہے جو 1993ءسے ان کے زیر استعمال ہے اور ان کی مالیت اس وقت 70 لاکھ پاو¿نڈ ہے۔ نواز شریف کے ساتھ لندن فلیٹس حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بھی زیر استعمال ہیں۔ نواز شریف پر لندن فلیٹس غیرقانونی پیسے سے خریدنے کا الزام ہے جبکہ برطانوی اخبار نے ان فلیٹس کی اندرونی تصاویر بھی شائع کی ہیں جن کو دیکھ کر فلیٹس کی بجائے کسی محل کا گماں ہوتا ہے۔ شریف خاندان پر لندن فلیٹس کے علاوہ غیر قانونی پیسے سے برطانیہ کے پوش علاقوں مے فیئر، چیلسی، بلگراویا میں 21 جائیدادیں خریدنے کا الزام ہے۔ تمام جائیدادوں کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 20 لاکھ پاو¿نڈ بنتی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے چار پرتعیش ترین اپارٹمنٹس پر مشتمل محل تعمیر کیا۔ نوازشریف نے اس محل میں اپنے دو بیٹوں، صاحبزادی اور داماد کو حصہ دار بنا رکھا ہے، نوازشریف کا محل ان جائیدادوں میں سے ایک ہے جو روسی رﺅسا کے علاوہ کسی نے کھڑی نہیں کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے نوازشریف کی جائیدادوں کی مجموعی قیمت تقریباً 32ملین پاﺅنڈز کے برابر ہے۔
لاہور (پ ر) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے برطانوی اخبار نے اپنی خبر کو خاص رنگ دیکر پاکستان میں زیرسماعت مقدمے پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے جو افسوسناک اور صحافتی غیر جانبداری کے مسلمہ اصول کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا ایک ایسے موقع پر اس خبر کا شائع ہونا سابق وزیراعظم اور انکے اہل خانہ کے دفاع اور ذاتی صفائی کے قانونی حق کے منافی ہے جبکہ یہ مقدمہ سماعت کے ایک اہم مرحلے میں ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ایسی خبر کی اشاعت سے مقدمے کے نتائج پر سوالات اٹھیں گے۔ پاکستان میں انتخابات کے موقع پر برطانوی اخبار کا ایسی خبر شائع کرنا سیاسی مخالفین کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا خبر میں قائد مسلم لیگ (ن) اور انکے اہل خانہ کے موقف کو دانستہ پوری وضاحت سے شائع نہ کرنا بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا خبر ماضی میں کردار کشی کے لئے استعمال ہونے والے مواد کا حر بہ ہے جس کا مقصد محض بے بنیاد الزامات کو نئے سرے سے اچھالنا ہے۔ وہی پرانے الزامات اور من گھڑت کہانی کو بار بار شائع کرنے سے حقیقت نہیں بن جاتی۔ مریم اورنگزیب نے کہا اس برطانوی اخبار اور اسکے اونرز پر ماضی میں متعدد الزامات لگ چکے ہیں اور وہ خاص سیاسی وابستگی میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ حقیقت ثابت کرتی ہے خبر کا مواد اور اسکی اشاعت کاوقت اتفاقیہ نہیں۔ نوازشریف اور انکی جماعت کا راستہ روکنے کا یہ حربہ نیا نہیں۔
مریم اورنگزیب
نوازشریف اور بچے برطانیہ میں 32 ملین پاﺅنڈ جائیداد کے مالک‘ برطانوی اخبار کا دعوی‘ مخالفین کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے : ترجمان مسلم لیگ ن
Jun 25, 2018