اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کیلئے میدان کھلا چھوڑنے کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کو مقابلے کیلئے میدان میں اتار دیا ہے۔ چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59اور پی پی 10کے لیے راجہ قمرالاسلام کو ٹکٹ جاری کر دیا جبکہ ممتاز خان کو این اے 63‘ پی پی 13 سے چوہدری سرفراز افضل، پی پی 19سے ذیشان صدیق بٹ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) نے پی پی 20 سے راجا سرفراز اصغر اور پی پی 12کے لیے فیصل قیوم ملک کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ مسلم لیگ (ن) چوہدری نثار کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59، این اے 63اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10اور پی پی 12سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چودھری نثار نے دھمیال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے کہا کہ مجھے ہر فرد نے کہا ہے کہ ووٹ چودھری نثار کو دیں گے۔ آپ اپنے اور میرے مخالفوں کا بوریا بستر گول کرنے والے ہیں۔ کوئی ٹکٹ کے ساتھ آئے یا بغیر ٹکٹ کے یہاں کی عوام رد کر بھیجے گی۔ میں پورے پاکستان میں کشمیریوں سے مخاطب ہوں، میں ان کے ساتھ ہوں۔ بھارتی وزیر داخلہ یہاں آیا، اس کو ایسا ٹکا کر جواب دیا کہ وہ میز پر نہ بیٹھ سکا۔ میری پارٹی مجھے روکتی رہی میں نہیں رکھا۔ میں نے 34 سالوں میں جتنی مخلوق حالیہ جلسوں میں دیکھی کبھی پہلے نہیں دیکھی۔ ایک اعلان کیا اور مخلوق اکٹھی ہو گئی۔ پہلے فیصلہ ہو گیا۔ میں نے زندگی میں کبھی ڈیل نہیں کی، جلد وضاحت کروں گا میں آزاد کیوں کھڑا ہوا۔ ہمارے معاشرے میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو چکی ہے۔ میں نہ تحریک انصاف نہ ہی ن لیگ کی طرف دیکھتا ہوں۔ میں نے پوری زندگی سر اٹھا کر سیاست کی ہے۔ نواز شریف سے کس بات پر اختلاف ہے سچ سامنے آنا چاہئے۔ جلد قوم کو بتاﺅں گا۔ آج میرا مقابلہ ان سے ہے جو مشرف کے ساتھی رہے۔ آج یہ عمران کے ساتھ فٹ ہو گئے ہیں جنہوں نے کسی کو فائدہ نہیں پہنچایا، ان سے عمران کیا فائدہ اٹھائیں گے۔ عمران کا ٹکٹ لے کر ایک امیدوار یہاں بڑی بڑی باتیں کرتا ہے۔ میرے حلقے میں 70 فیصد لوگوں کو پانی مل چکا ہے۔ یہ جو ٹیکسلا سے آیا ہے وفاقی وزیر بھی رہ چکا ہے۔ اس سے پوچھو اس نے پارٹی کیلئے کیا کیا؟ مقابلہ مخالفین کے ساتھ نہیں آپس میں ہے۔ چودھری نثار نے غلام سرور خان کو چیلنج کیا کہ اگر تمہیں اتنا زعم ہے تو میرے مقابلے میں آزاد آﺅ پھر مقابلہ ہو گا۔نوازشریف سے کیا اختلاف ہے قوم کے سامنے رکھتا ہوں لیکن بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے خاموش ہوں۔ میں نے آج تک ڈیل نہیں کی کیونکہ دن میں پانچ بار اللہ سے رجوع کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اقبال پیلس دھمیال کیمپ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ناموس رسالت کی ذمہ داری نواز شریف نے مجھے سونپی۔ میں نے تمام ممالک کے سفرا کو اکٹھا کیا۔ اوبامہ کو کہا کہ تمام مسلمان دہشتگرد نہیں۔ میں وہ خوش نصیب ہوں جس کے جلسے میں عوام بلائے نہیں جاتے بلکہ خود آتے ہیں۔ عوام نے فیصلہ دے دیا کہ میرے مخالفین نامراد ہوں گے۔ میرے مخالفین میں ایک شخص پانچ سال تک وزیر رہا لیکن ایک کنواں تک نہ بنایا۔ اب کوئی میرے مقابلے میں ٹکٹ کے ساتھ آئے یا بغیر ٹکٹ کے عوام سب کو مسترد کرے گی۔ جلسے کے میزبان ممبر کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال، چیئرمین یونین کونسل لکھن راجہ فیصل نے خطاب کیا۔ چیئرمین موہری غزن بابر بھٹی، وائس چیئرمین محمد مقصود، چیئرمین چک جلال دین ملک لیاقت اور چوہدری ساجد چیئرمین گرجا راجہ الطاف وائس چیئرمین ملک نعیم چیئرمین دھاماں سیداں عمران الیاس اور دھمیال کے نمبردار اسد سمیت ہزاروں اہل حلقہ نے جلسہ میں شرکت کی۔
نثار