اسلام آباد( نیوز ڈیسک )تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کی عالمگیر جنت البقیع کمیٹی کے کنوینرالحاج غلام مرتضی چوہان نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی کال پر ’عالمگیر یوم انہدا م جنت البقیع‘کے پروگراموں میں لاکھوں فرزندان توحیدسنی شیعہ بھائیوں کی بھرپور شرکت عشق رسول ؐ و اہلبیت ؑ و صحابہ ؓکی دلیل اور اس بات کا ثبوت ہے کہ امہات المومنین ؓ، اہلبیت اطہارؑ، پاکیزہ صحابہ کبار ؓکے مزارات مقدسہ کسی ایک کی میراث نہیں اور ان کی مسماری پر پورا عالم اسلام سوگوار و دل گرفتہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنت البقیع کمیٹی کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔غلام مرتضی چوہان نے ا س یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب مل جل کر مقدس مزارات پر عالی شان روضے تعمیر کریںگے، جنت البقیع اور جنت المعلیٰ کے مزارات مقدسہ کا انہدام ،کشمیر و فلسطین اور بابری مسجد سمیت تمام مسائل کسی ایک ملک یا مکتب کے نہیں بلکہ عالم اسلام اورپوری انسانیت کے مسائل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ مسائل اسی وقت حل ہو سکتے ہیں جب 58سے زائد ممالک پر مشتمل مسلم امہ اپنے ممالک میں مشاہیر اسلام اور شعائر اللہ کی تعظیم و تکریم کو پہلے خود یقینی بنائے اسی صورت میں القدس شریف اور کشمیر و فلسطین کے دیرینہ مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں ۔ غلام مرتضی چوہان نے کہا کہ ملک بھر میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے جلوسوں اور پر امن احتجاجی ریلیوں سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پوری ملتِ اسلامیہ ابلیسی قوتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے ۔ کمیٹی کے سیکرٹری مالک اشتر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام اضلاع سمیت دنیا بھر میں میں ماتمی احتجاجی ریلیوں اور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اُنہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ تمام سنی شیعہ برادران ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر امن کا پیغام لے کر آگے بڑھتے رہیں گے اور اس مقصد کیلئے اپنی جدوجہدپوری دنیا کوامن کا گہوارہ بنانے‘ انسانیت کے مکمل سکون و اطمینا ن اور شعائر اللہ کی عزت و حرمت کو مزیدچار چاند لگنے تک جاری رکھیں گے اور گولی اور گالی کی بات کرنے والے ناکام رہیں گے ۔
امہات المومنینؓ اہلبیت ؑ و صحابہ ؓ کے مزارات کی مسماری پر پورا عالم اسلام سوگوارہے
Jun 25, 2018