نئی دہلی(آن لائن)دنیا بھر میں مذہبی تعصب اور پابندیوں میں اضافہ ہوا ہے۔عالمی سروے کے مطابق 28 فیصد ملکوں میں مذہبی پابندیوں کی شرح انتہائی زیادہ ہے،عیسائی اور مسلمان سب سے زیادہ مذہبی تعصب کا شکار ہیں۔چین حکومتی سطح پر مذہبی پابندیوں اور بھارت معاشرتی اعتبار سے تعصب والے ممالک میں سرفہرست ہے۔بین الاقومی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کے سروے میں دنیا کے 198ملکوں میں 2016ء کے دوران مذہبی پابندیوں کا جائزہ لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 55 ممالک میں یہ شرح انتہائی زیادہ رہی۔ مختلف مذاہب کیخلاف متعصبانہ کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا۔ 144 ملکوں میں عیسائی اور 142 ملکوں میں مسلمان اس کی زد میں رہے۔ رپورٹ کے مطابق چین مذہبی پابندیوں جبکہ بھارت معاشرتی اعتبار سے سب سے زیادہ مذہبی تعصب والا ملک ہے۔ زیادہ مذہبی پابندیوں والے دیگر ممالک میں مصر ،روس،انڈونیشیا اور ترکی بھی شامل ہیں۔