ملتان ڈاکو منٹری ضلع کی شناخت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریگی: بلال بٹ

Jun 25, 2018

ملتان( لیڈی رپورٹر) سابق کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ملتان تاریخی، تہذیبی اورثقافتی حوالوں سے دنیا کااہم ترین شہر ہے ۔ پانچ ہزار سال سے زائد زندہ تہذیب رکھنے والے مدینہ الاولیاء پر بنائی جانیوالی’’ ملتان ڈاکو منٹری‘‘ دنیا بھر میں اس کی شناخت بہتر بنانے اورتعمیر وترقی کیلئے نئی منزلوں کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ڈاکو مینٹری کی تیاری اور لائو نچنگ میں شیخ احسن رشید کاکرادر مثالی ہے پروڈیوسر جراررضوی، قیصر نقوی، سعید احمد خان، خالد مسعود خان اور شاکر حسین شاکر کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ملتان ڈاکو مینٹری کے حوالے سے تقریب پذیرائی میں شمع بناستپی وکوکنگ آئل بنانے والے ادارے حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کی جانب سے سابق کمشنر بلال احمد بٹ ، قیصر نقوی،جرار نقوی اورسعید احمد خان کو چیف ایگز یکٹو شیخ احسن رشید نے یادگاری شیلڈیں بھی پیش کیں۔ اسی موقع پر ایگزیکٹو ڈاٹریکٹر عمران سعید، مارکیٹنگ ہیڈ عمران اعظمی، جی ایس او ارشد شیخ اور مارکیٹنگ اسسٹنٹ محمد اظہر بھی موجود تھے۔ حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کے چیف ایگزیکٹو اور تقریب کے میزبان شیخ احسن رشید نے کہا کہ ملتان کے تہذیب وتمدن اور مرکزی حیثیت کو اجاگر کرنے کیلئے فرینڈز آف ملتان نے خصوصی ڈاکو مینٹری تیار کرائی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب ملتان پاکستان کا معاشی حب بنے گا۔ یہاں کی صنعت، زراعت اورانفراسٹرکچر کی ترقی سے ملتان کو جدید اورترقی یافتہ شہروں میں شمار کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کی تھری میں ملتان سلطانز کی شمولیت سے بھی اسے کافی شہرت ملی۔ ہم نے پی ایس پی کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز سے براہ راست تعلق نہ ہونے کے باوجود خطے سے وابستگی اور شہر سے جڑنے کی بدولت بھرپور سپورٹ کیا۔ ملتان کے حوالے سے تیار کرائی گئی یہ دستاویزی فلم اپنی مثال آپ ہے۔

مزیدخبریں