پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی سے اتحاد کرناایسا ہے جیسے اپنے نظریے سے پیچھے ہٹنا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پوری تیاری کے ساتھ الیکشن میں جارہے ہیں ۔ انشاءاللہ فتح ہمارا مقدر ہوگی صاف شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں ۔ انتخابات کا پرامن انعقاد فوج کے بغیر ممکن نہیں ۔ اللہ تعالی نے حکومت بنانے کا موقع دیا تو عوام سے کئے تمام وعدے پورے کریں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں انہوںںے کہا کہ 2013میں ناتجربہ کاری کی وجہ سے زیادہ سیٹیں نہ جیت سکے ۔ اس دفعہ ہم مکمل تیاری کے ساتھ الیکشن میں جارہے ہیں اور بھاری اکثریت سے جیتیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میری جنگ ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہی ہے ۔ اقتدار ملا تو کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے ۔ ہمیشہ لیڈر ملک میں تبدیلی لاتا ہے منتخب لوگ نہیں لاتے ۔ ملائیشیا کو لیڈر مہاتیر محمد نے ٹھیک کیا ۔ ہم ملک میں قانون کی بالا دستی قائم کریں گے۔ لیڈر ہی نیچے والے لوگوں کو ٹھیک کرتا ہے ۔ نیچے والے لیڈر کو ٹھیک نہیں کرسکتے ۔ ایک سچا اور کھرا لیڈر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے ۔ جب لیڈر شپ ایماندار ہوتی ہے تو نیچے لوگوں کو بھی ایماندار بننا پڑتا ہے ۔ سروے کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے کم کرپشن ہوئی ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے بڑی سوچ بچار کے بعد قومی اسمبلی کے 232لوگوں کو ٹکٹ دیئے ہیں ۔ ان میں سب پہلے الیکشن لڑ ے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں اورنج اور میٹرو نے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ میٹرو منصوبے سے سالانہ 15سے 20ارب کا خسارہ ہورہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 15نئے ہسپتال بنائے اور پرانے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا ۔ وہاں ادارے مضبوط کئے پولیس کا نظام بہتر بنایا ۔ پنجاب میں تحریک انصاف کا گراف اوپر آرہا ہے ۔ کرپٹ لوگوں سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ میں کرپشن کے خلاف برسرپیکار ہوں اگر کرپٹ لوگوں سے اتحاد کرتا ہوں تو اپنے نظریے سے پیچھے ہٹ جاﺅں گا۔ اس لیے ایسے لوگوں سے اتحاد کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔ شریفوں نے ملک کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔ آج مالی خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں بہتری لائے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ۔ دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دینے والی پاکستانی قوم سب سے کم ٹیکس دیتی ہے ۔ 5سال میں سرکاری کارپوریشنز کو 3600ارب کا نقصان پہنچایا گیا ۔ گزشتہ حکومت نے ملکی قرضے کم کرنے کی بجائے اضافہ کیا ۔ ہم اقتدار میں آئے تو روزگار کے مواقع پیدا کریں گے سستے گھر بنا کر بے گھر افراد کو دیں گے ٹیکس کلچر کو فروغ دیں گے ۔ ٹورازم کو فروغ دیں گے ملک میں سیاحت کو فروغ دے کر زیادہ سے زیادہ پیسہ کمایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی سے اتحاد کرناایسا ہے جیسے اپنے نظریے سے پیچھے ہٹنا ہے۔ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے اخراجات میں کمی لائیں گے ۔ ہم صرف صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں ۔ انتخابات کا پرامن انعقاد فوج کے بغیر ممکن نہیں تحریک انصاف اتنی مضبوط پہلے نہ تھی جتنی آج ہے ۔
ن لیگ اورپیپلزپارٹی سے اتحاد نظریے سے پیچھے ہٹنا ہے ،عمران خان
Jun 25, 2018 | 21:57