عوام منتخب ارکان کو سمجھائیں وفاقی بجٹ کو منظور نہ ہونے دیں ،سعید غنی

Jun 25, 2019

کراچی (نوائے وقت نیوز) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے عوام سے گزارش کرتا ہوںکہ وہ اپنے اپنے حلقہ سے منتخب ہونے والے ارکان قومی اسمبلی کے پاس جاکر انہیں سمجھائیں کہ وہ اس بجٹ کو منظور نہ ہونے دیں کیونکہ یہ بجٹ منظور ہوا تو مہنگائی کا سونامی میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔پیپلز پارٹی کے قائدین، کارکنان اور ارکان اسمبلی کسی قسم کے ہتھکنڈوں اور دبائو سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور ہم تمام کا مقابلہ کرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ عزیر بلوچ کے بیان پر اگر کسی شخص کو سزا ہوسکتی ہے تو وہ ذوالفقار مرزا کے سوا اور کوئی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ میں کراچی کے عوام کا شکر گذار ہوں کہ انہوںنے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت عوام دشمن بجٹ اور مہنگائی کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس آئی ایم ایف کے بجٹ کو مسترد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور دیگر حکومتی اتحادی جماعتوں کے جو ارکان قومی اسمبلی جن جن حلقوں سے منتخب ہوئے ہیں ان کے عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ان کے گھروں پر جائیں اور انہیں سمجھائیں کہ وہ وفاقی بجٹ کو منظور نہ ہونے دیں کیونکہ یہ بجٹ دراصل آئی ایم ایف کا بجٹ ہے اور اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور اس کا براہ راست اثر عوام پر ہوگا۔ سعید غنی نے کہا کہ وہ ان ارکان کو بتائیں کہ وہ عوام اور غریبوں کے نمائندے ہیں وہ آئی ایم ایف کے نمائندے نہیں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایم کیو ایم جب ہماری وفاقی حکومت کا حصہ تھی اس وقت بین الاقوامی مارکیٹوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ہماری وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی تھی تو وہ حکومت سے علیحدہ ہوجاتی تھی لیکن آج جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی منڈی میں کمی کے باوجود ہر ماہ باقاعدگی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے تو ایم کیو ایم کیوں خاموش ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے ووٹروں سے بھی پوچھتا ہوں کہ وہ اپنے ان منتخب نمائندوں سے پوچھیں کہ وہ آج کیوں مہنگائی کے لئے آواز نہیں اٹھا رہے اور یہ بھی ان کو سمجھائیں کہ وہ اس آئی ایم بجٹ کی منظوری میں حصہ دار نہ بنیں کیونکہ یہ بجٹ مزید مہنگائی کا ضامن ہوگا۔

مزیدخبریں