سونا، غیرملکی کرنسی برآمدگی کیلئے گھروں پر چھاپوں کی شق ختم کردیں گے: حماد اظہر

اسلام آباد (نیٹ نیوز، ایجنسیاں) مالی سال 20-2019 کے فنانس بل کی منظوری کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو گھروں پر چھاپے مارنے کا اختیار مل جائے گا۔ مالی سال 20-2019 کے فنانس بل کے مطابق انکم ٹیکس کمشنر غیر ظاہر شدہ سونے اور غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی کے لیے چھاپے مار سکیں گے اور چھاپوں میں برآمد شدہ سونا اور غیر ملکی کرنسی ضبط کرلی جائے گی۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بل سے گھروں سے برآمدگی کے لیے ایف بی آر کے چھاپے مارنے کے اختیار کی شق ختم کردی جائے گی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بے نامی کمپنیوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کا فیصلہ کرتے ہوئے سکیورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے 33بے نامی کمپنیوں کی تفصیلات بے نامی کمپنیوں کے مالکان کے نام اور انکے شناختی کارڈ نمبر و دیگر تفصیلات طلب کی ہیں۔ علاوہ ازیں سابق وزیر حزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری 938 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ رواں سال کے دوران مینوفیکچرنگ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا مئی میں اس مالی سال کی تیاری میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمدنی 938 ملین ڈالر جبکہ گزشتہ سال 600 ملین ڈالر بڑھی، رواں مالی سال میں 56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ملک مشکل حالات سے جلد نکل جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن