اسلام آباد (نامہ نگار، وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے بعد پانچ ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج سنایا جائے گا، ریفرنس میں نامزد سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر قانون و انصاف بابر اعوان، شمائلہ محمود، ریاض کیانی اور ڈاکٹر ریاض نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ پیر کو احتساب عدالت نمبر 2میں نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی ۔ نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعود نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں کے خلاف د لائل دیتے ہوئے کہا کہ سات ملزمان ہیں بریت کی پانچ درخواستیں دائر ہوئی ہیں، کیس میں چار گواہان کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں، کسی بھی ملزم کے خلاف کرپشن اور رشوت لینے کا الزام نہیں ہے، ملزماں پہ بددیانتی کا الزام ہے۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے کہا نندی پور پاور پراجیکٹ سے 425 میگا واٹ بجلی پیدا ہونی تھی، آج تک نندی پور پاور پلانٹ سے کوئی بجلی پیدا نہیں ہوئی۔ ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت نے پانچ ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج سنایا جائے گا، عدالتی فیصلہ آنے کے بعد یہ بعد طے ہو جائے گی کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ چلے گا یا انہیں بری کر دیا جائے گا۔ دریں اثنا لاہور کی احتساب عدالت نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں 22کروڑ روپے فرنس آئل چوری کیس میں ملوث تین ملزمان کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر نے کیس پر سماعت کی ملزمان کیخلاف تاحال فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔نیب کے تفتیشی افسر نے ملزمان کیخلاف مکمل تفتیشی رپورٹ پیش کر دی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب ریفرنس میں رانا مہتاب، دلبر ڈوگر، محمد شبیر، سمیت 34 ملزمان کو نامزد کیا گیا ملزمان نے نندی پور پاور پلانٹ سے 145 آئل ٹینکر ز غائب کر دئیے تھے ملزمان میں قیصر عباس، دلبر حسین ڈوگر اور رانا مہتاب عالم شامل ہیں۔
احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں 5 ملزموں کی بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا
Jun 25, 2019