راہداری ریمانڈ : فریال تالپور کراچی منتقل، نااہلی کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو اسلام آباد سے کراچی پہنچا دیا گیا۔ فریال تالپور کو ڈیفنس میں واقع گھر میں پہنچا دیا گیا۔ فریال تالپور کے ڈیفنس میں واقع گھر کو سکیورٹی والوں نے گھیرے میں لے لیا۔ فریال تالپور آج ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ پیر کو احتساب عدالت نے فریال تالپور کا راہداری ریمانڈ بھی منظور کرلیا ہے۔ ادھر احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار پی پی رہنما فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔ دورانِ سماعت فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ پارک لین میں فریال تالپور کا کوئی تعلق نہیں وہ پارک لین کی ڈائریکٹر بھی نہیں، اس کیس کا لینڈ سے تعلق ہی نہیں، گرفتاری بھی جعلی اکاونٹ کیس میں ہوئی تو لینڈ سے کیا تعلق۔سماعت کے دوران فریال تالپور نے جج سے مکالمہ کیا کہ میں شوگر کی مریض ہوں اور میرا بلڈ پریشر بھی ہائی رہتا ہے جس پر جج ارشد ملک نے میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیا اور فریال تالپور کو نشست پر بیٹھنے کی اجازت دے دی۔نیب نے فریال تالپور کا 9 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ریمانڈ میں 8 جولائی تک توسیع کر دی اور انہیں اسی روز دوبارہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمشن میں درخواست دائر کردی ہے۔درخواست پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے الیکشن کمیشن کراچی کے دفتر میں جمع کروائی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ فریال تالپور جعلی اکائونٹس بنانے،منی لانڈرنگ کرنے اور کرپشن میں ملوث ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ئوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ فریال تالپورکیخلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس زیرسماعت ہے۔ اس لیے وہ اسمبلی میں رکنیت کی اہل نہیں ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سب جیل پر دو خواتین افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ملزمہ سے تفتیش کیلئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا فریال تالپور زردای گروپ کے اکاؤنٹس کی ڈائریکٹر ہیں، فریال تالپور کے دستخط سے زرداری گروپ کے اکاؤنٹ سے 30 ملین کی رقم اویس مظفر کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔ فریال تالپور نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر غیرقانونی رقم کو لانڈر کیا۔

ای پیپر دی نیشن