لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے بارش کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے، نکاسی آب کیلئے متحرک انداز میں کام کیا جائے اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔ عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔4گھنٹے طویل ملاقات میں حلقوں کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا-وزیراعلی ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات خود نوٹ کرتے رہے اور مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے موقع پر ہی احکامات جاری کئے- ارکان اسمبلی نے بہترین بجٹ اور جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 35فیصد فنڈز مختص کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی-وزیراعلیٰ نے مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جس ضلع میں یونیورسٹی موجود نہیں،وہاں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا- بارڈر ملٹری پولیس کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کر لیا گیاہے اوربھرتیاں میرٹ اور شفاف طریقے سے ہوں گی-انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کے لئے ا ستعمال نہیں ہوں گے سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے اور ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیاہے- وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ میں سڑکوں کی .دیکھ بھال کے لئے مختص فنڈز کے غلط استعمال کی شکایت پر انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ تحقیقات کر کے رپورٹ فوری پیش کی جائے-ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ پیکیج میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کروں گا-وزیراعلیٰ نے نکلسن روڈ کو نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم منسوب کرنے کے نوٹیفکیشن کے فوری اجراء کا حکم دیا-انہوں نے کہاکہ علی پور سے ترنڈہ محمد پناہ تک سڑک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائی جائے گی- انہوں نے کہاکہ کرپشن نے پہلے ہی ملک کا بیڑا غرق کیاہے-میں کسی کرپٹ اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا-وزیراعلیٰ نے کرپٹ سرکاری افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کاحکم دیا- اراضی سنٹرز کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی - عثمان بزدار نے سباق وزیر خارجہ عبدالستارکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدارنے گزشتہ رات گئے بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے خود گاڑی چلائی اور گلبرگ، منی مارکیٹ، لبرٹی چوک ، برکت مارکیٹ، جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی کے انتظامات، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال کے باہر مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجہ اور مسائل کے بارے میں پوچھا اور انہیں مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ کی رات گئے آمد پر مریضوں کے لواحقین نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔