میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، چیئرمین نیب

Jun 25, 2019

اسلام آباد(نا مہ نگار) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔جس کے خاتمہ کیلئے نیب پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراسیکیوشن اور آپریشن ڈویثرن،آگاہی ،تدارک اور قانون پر عملدرآمدڈویژن کی ماہانہ کارکردگی کانیب ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ جائزہ اجلاس میںکیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے نیب نے ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی پچاس ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی گئی ہیں یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔ چیئرمین نیب نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اور پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے لئے بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔انہوںنے کہا کہ نیب مضاربہ سکینڈل اور غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوںکے متاثرین کی عمر بھر کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔

مزیدخبریں