ٹاس، درست فیصلے اور بہتر سلیکشن کامیابی کی وجہ!!!

Jun 25, 2019

محمد صدیق

بھارت کے خلاف اہم میچ میں ناکامی کے بعد بھی ہمیں جیت کا موقع ملا تھا لیکن ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کے غلط فیصلے نے ناکامی میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔ اگر ہم بھارت کے خلاف بھی پہلے بیٹنگ کرتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا ساری دنیا جاتی ہے کہ پاکستان سکور پر سکور یعنی ہدف کے تعاقب میں بہت کمزور ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اچھے رنز آن بورڈ لگائے اور جنوبی افریقہ کو زیر کیا۔ انگلش وکٹوں پر ٹاس بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف ہم مے پہلے بیٹنگ کی بڑا سکور کیا اور کامیاب ہوئے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جب بھی کوئی ٹیم بڑا سکور کرتی ہے تو ہدف کا حصول بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو سکون کا سانس نہیں ملتا بلے بازوں کی دھیان سکور بورڈ پر رہتا ہے ان کے ذہن سے سکور بورڈ کی ٹک ٹک ہی ختم نہیں ہوتی۔ یہ دباؤ گھبراہٹ کا سبب بنتا ہے اور بلے باز غلط شاٹس کھیل کر آؤٹ ہوتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ بھی یہی ہوا۔ دوسری اننگز میں باؤلنگ آسان اور بیٹنگ مشکل ہوتی ہے۔
حارث سہیل کی اننگز کے کیا کہنے، دباؤ میں کھل کر کھیلا اور جنوبی افریقہ کی باولنگ کو تہس نہس کر دیا۔ اسے باہر کیوں بٹھایا گیا تھا۔فخر،بابر اور امام بھی اچھا کھیلے۔ محمد عامر نے شروع میں ہاشم آملا کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ پر دباؤ بڑھایا بعد میں شاداب خان نے میچ وننگ باؤلنگ کی جبکہ وہاب ریاض نے بھی جاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ اب پاکستان نے نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کے خلاف میچز کھیلنے ہیں ان سب میچوں میں کامیابی سیمی فائنل میں جانے کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان ٹیم یاد رکھے کہ پہلے بیٹنگ ان کے لیے فائدہ مند ہے۔ کپتان کوچ اور سینئر کرکٹرز کو اپنی طاقت پر کھیلنا چاہیے اور ہماری طاقت ہدف کا دفاع ہے۔

مزیدخبریں