شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)شیخوپورہ میں بااثر زمیندار نے 18 سالہ ملازم پر موبائل چوری کا الزام لگا کر اسے مار ڈالا، کاشف کو زمیندار رسیوں سے جکڑ کر تشدد کا نشانہ بناتا رہا،مقتول کی ماں جوان بیٹے کی نعش دیکھ کر ہوش وحواس کھو بیٹھی، مقتول کے والدنے اعلیٰ حکام سے انصاف کے لیے اپیل کی ہے، واقعہ شیخوپورہ کے نواحی علاقہ ویرکے باٹھ میں پیش آیا جہاں زمیندار احمد ورک نے اپنے ملازم محمد کاشف پر موبائل چوری کا الزام لگایا اور پھرپنچایت لگائی پنچایت میں مقتول کے والد اور اسکے عزیز و اقارب نے کاشف کی قسم دیدی کہ وہ چوری میں ملوث نہیں ہے مگر اس کے باوجود ملزم احمد ورک نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ خود ہی تفتیش شروع کردی اور چارپائی کھڑی کرکے اسکے ساتھ رسیوں کے ساتھ جکڑ کر اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث نوجوان کاشف دم توڑ گیاملزمان نوجوان کی نعش مقتول کے گھر کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے۔