حکومتی وفد کی شاہ زین بگٹی سے ملاقات، بجٹ منظوری کیلئے حمایت مانگ لی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومتی وفد نے شاہ زین بگٹی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ حکومتی وفد میں وزیر دفاع پرویز خٹک‘ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری شامل تھے۔ حکومت نے شاہ زین بگٹی سے بجٹ کی منظوری کیلئے حمایت مانگ لی۔ زین بگٹی نے حکومتی وعدوں کی عدم تکمیل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ دو برسوں سے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے شاہ زین بگٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ شاہ زین بگٹی ہمارے اتحادی ہیں۔ آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پارٹی کے اندر اختلافات ہوتے رہتے ہیں حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ پراپیگنڈا زیادہ اور حقیقت کچھ نہیں ہے۔ ملاقات سے حکومتی وفد مطمئن ہے۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہماری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اگر مطالبات تسلیم ہوئے تو ساتھ رہیں گے۔ اگر اس ہفتے مطالبات حل نہ ہوئے تو ساتھ چلنا مشکل ہے۔ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا جائے۔ شاہ زین نے مزید کہا عارف علوی‘ جہانگیر ترین‘ پرویز خٹک نے کہا تھا ہم وعدے وعید نہیں کرتے عملی جامہ پہنائیں گے۔ انہوں نے کہا سردار محمد رند میرے دوست ہیں مگر جب سے وزیر بنے ہیں کم سے کم فون تو اٹھائیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کو شاید پہلی بار اور آخری بار حکومت ملی ہے۔ ہم 18 ویں ترمیم پر نظر ثانی کی حمایت نہیں کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن