پاکستانی قوم ترکی کے ٹی وی ڈرامے ارطغرل غازی کی پسندیدگی کے بخار میں مبتلا ہے

لاہور(سیف اللہ سپرا)پاکستانی قوم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اگر کسی شخصیت،ٹی وی ڈرامے یا کسی اور چیز کو پسند کرتی ہے تو پھر پسندیدگی کی تمام حدیں پار کر جاتی ہے۔ آ ج کل دنیا کی جذباتی ترین یہ قوم ترکی کے ٹی وی ڈرامے ارطغرل غازی کی پسندیدگی کے بخار میں مبتلا ہے۔ لوگ ارطغرل کے نام پر اپنے بچوں،چوکوں اور مصنوعات کے نام رکھ رہے ہیں۔پچھلے دنوں لاہور کے ایک علاقے مرغزارکالونی میں ایک چوک کانام ارطغرل غازی چوک رکھا گیا اور وہاں پر ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔اب حال ہی میں گوجرانوالہ کی پاپڑ بنانے والی کمپنی نے اپنی پروڈکٹ کانام ارطغرل چسکا پاپڑ رکھ کر اس کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئرکیاہے۔لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے پوسٹر پر یہ بھی لکھا گیا ہے کہ یہ پاپڑ ڈرامہ ارطغرل غازی کی ہیروئن حلیمہ نے اپنے ہاتھوں سے تیار کئے ہیں نیز پوسٹر پر یہ بھی درج ہے کہ ارطغرل کی طاقت کا راز یہی پاپڑ ہیں اور یہ ارطغرل کی طرف سے گوجرانوالہ کے عوام کے لیے خاص تحفہ ہے۔پوسٹر میں ترکی کے مشہور کائی قبیلے کا بھی ذکر ہے۔

ای پیپر دی نیشن