پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تمام درپیش چیلنجز جامع قومی حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں، اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے، عوام کی حمایت کے ساتھ ملکی دفاع کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ملک میں دیرپا محفوظ ماحول دینے کےلئے پاک فوج ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطہ کی سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ آرمی چیف نے شرکاءسے پاکستان میں مستقل امن پر اپنا وژن دیا، ملک میں دیرپا امن سے متعلق بات چیت کی اور ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یونیورسٹی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل سکیورٹی اور وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک میں امن کےلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی، ملکی معاشی اور سماجی ترقی کےلئے پاک فوج مسلسل کوشاں رہے گی، ملک کے دفاع اور سکیورٹی کےلئے قومی حمایت کے ساتھ اپنا فرض ادا کرتے رہیں گے۔