وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جوہر ٹاون میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیںگے۔ معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ کارروائی کی ہے اور مٹھی بھر دہشت گردوں کو امن و امان خراب نہیں کرنے دیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے۔ میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکرگزار ہوں اور انہیں سلام پیش کرتا ہوں.